برسلز(این این آئی )یورپی پارلیمنٹ نے حالیہ سیلاب کے بعد بھرپور انداز میں پاکستان کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے اور اس وقت حالیہ سیلاب کے بعد یورپی یونین میں پاکستان سے متعلق انتہائی ہمدردی اور انسان دوستی کے جذبات موجود ہیں۔یہ بات یورپی پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس کے دوران پاکستان میں آنے والے موسمیاتی تباہ کن سیلاب پر بحث کے دوران سامنے آئی۔اس اجلاس میں یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے ذمہ داران نے ممبران پارلیمنٹ کے سامنے نہ صرف یورپی یونین کا موقف پیش کیا بلکہ اس سیلاب کے بعد اس کی جانب سے کی جانے والی امداد کا خاکہ اور جائزہ بھی پیش کیا۔جبکہ پارلیمنٹ کے مختلف گروپوں اور اس کی طاقتور کمیٹیوں کے ارکان نے کمیشن اور کونسل کو اپنی تجاویز کے علاوہ پاکستان کی امداد میں اضافے پر زور دیا۔ پارلیمنٹ میں اس بحث کا آغاز یورپی کونسل کے نمائندے اور یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک چیک ریپبلک کے یورپین یونین افیئرز کے وزیر میکو لاس بیک نے کیا۔انہوں نے اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو بتایا کہ اس قدرتی آفت کے بعد یورپی یونین، پاکستان کی آواز پر لبیک کہنے والے پہلے خطوں میں سے ہے۔یورپ نے اپنے سول پروٹیکشن میکنزم کو استعمال کیا اور اپنے ماہرین کو فوری طور پر پاکستان روانہ کیا۔ جس نے متاثرین کو پناہ، خوراک اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام شروع کیا۔انہوں نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ اس وقت دنیا بھر میں آنے والی قدرتی آفات میں سے 90 فیصد آفات موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہو رہی ہیں۔ جبکہ ترقی پذیر ممالک کی 40 فیصد آبادی موسمیاتی تبدیلیوں سے براہ راست متاثر ہے۔ جس میں سمندری طوفان، خشک سالی، ہیٹ ویو، مختلف انفیکشنل بیماریاں، سطح سمندر میں اضافہ اور جنگلوں کی آگ شامل ہیں۔یورپی کمیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے یورپی کمشنر برائے زراعت جانوس ووجیچوسکی نے بھی پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی یک جہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے آگاہ کیا کہ یورپ کے سات ممالک بیلجیئم، سوئیڈن، فرانس، یونان، آسٹریا، ڈنمارک اور سلوینیا نے اپیل پر فوری ردعمل عمل کا اظہار کیا، جس پر ہم اپنے ان ممبر ممالک کے شکر گزار ہیں۔یورپی کمشنر برائے زراعت نے آگاہ کیا کہ اپنے اداروں کے ساتھ ساتھ یورپی یونین نے اپنے ایمرجنسی سیٹلائٹ سسٹم سے تصاویر فراہم کرکے صورتحال کو سمجھنے میں سہولت بھی فراہم کی۔
یورپی پارلیمنٹ