آئی ایل او سیلاب متاثرہ طبقہ کو ایجنڈے میں شامل کرے:منظور احمد 

اسلام آباد (آئی این پی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج چوہدری منظور احمد نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (عالمی ادارہ محنت) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ محنت کش طبقے کو اگلے سال کے اپنے ایجنڈے میں سرفہرست رکھے۔ حالیہ بدترین سیلاب ترقی یافتہ ممالک کی ماحولیاتی غفلت اور صنعتوں کی پیدا کردہ زہریلی گیسوں کا نتیجہ ہے۔ ہمیں امداد نہیں اس زیادتی کا ہرجانہ چاہئے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پیپلز لیبر بیورو کے نمائندہ وفد کے ہمراہ عالمی ادارہ محنت کے کنٹری آفیسر انچارج منظور خالق کے ساتھ آئی ایل او آفس اسلام آباد میںمنعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا۔ عالمی ادارے کی سینئر پروگرام آفیسر رابعہ رزاق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ پی ایل بی کے وفد میں پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کے مرکزی صدر ہدایت اللہ خان، اسلام آباد بیس کے جنرل سیکرٹری سہیل مختار، پی ایل بی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سجاد حسین ساجد، پی ایل بی کے ڈویژنل صدر اور سی ڈی اے لیبر یونین کے سیکرٹری جنرل امان اللہ خان، ریڈیو پاکستان سی بی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعجاز، میونسپل لیبر یونین سی بی اے کے سرپرست اعلیٰ راجہ عبدالمجید، پاک پی ڈبلیو ڈی سی بی اے یونین کے مرکزی صدر محمد ذیشان شاہ، ریلوے محنت کش یونین کے مرکزی صدر انیس کشمیری، پی ایم ڈی سی سی بی اے یونین کے صدر افضل جمال قریشی، آل پاکستان ورکرز الائنس یوٹیلیٹی سٹورز کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید عارف حسین شاہ، او جی ڈی سی ایل اتحاد یونین سی بی اے کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری انصر ایوب وڑائچ، مری بروری ورکرز یونین سی بی اے کے جنرل سیکرٹری سید واصف حسین، نامور مزدور رہنما نذیر طاہر، کامریڈ الطاف بشارت اور کامریڈ حسن انیس شامل تھے۔
 آئی ایل او کے آفیسر انچارج نے سیلاب زدگان کے حوالے سے عالمی ادارہ محنت کی حکمت عملی، کردار اور اب تک کے اقدامات کے حوالے سے ٹریڈ یونینز کی قیادت کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر چوہدری منظور احمد نے پاکستان میں حالیہ بدترین سیلاب اور ورکنگ کلاس پر اس کے اثرات، ماحولیاتی تباہی میں ترقی یافتہ صنعتی ممالک کا حصہ اور پاکستان کیلئے نقصانات کے موضوع پر مفصل اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سیلاب نے دیہاڑی دارمزدور، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین، صنعتی کارکن اور غریب محنت کش پر تباہ کن اثرات چھوڑے ہیں۔ انہوںنے عالمی ادارہ محنت کو پاکستان میں آئندہ ماہ منعقد کی جانے والی مجوزہ نیشنل اور انٹرنیشنل لیبر کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا اور اس میں شرکت کی دعوت دی۔ آئی ایل او کے نمائندہ نے ماحولیاتی تباہی سے متعلق چوہدری منظور احمد کے نقطہ نظر اور تحفظات سے اتفاق کرتے ہوئے مجوزہ لیبر کانفرنس کیلئے ادارے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر دی نیشن