لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور ٹیکس بار کے پیٹرن و سابق صوبائی نگران وزیرخزانہ ضیا ء حیدر رضوی نے کہا ہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک کو درپیش معاشی عدم استحکام کی صورتحال سے باہر نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں مگر اس کیلئے سٹیک ہولڈرز کی معاونت اور مشاورت کی ضرورت ہے۔ اگر حکومت عوام کو یوٹیلیٹی بلوںمیں ریلیف دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ اس کی بڑی کامیابی ہو گی۔ مہنگائی کو شکنجہ ڈالنے کیلئے پرائس کنٹرول کا سخت نظام لانے کی ضرورت ہے کیونکہ گراں فروش عوام کی جیبوں سے ماہانہ اربوں روپے نکال رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی مالیاتی اداروں کی پاکستانی معیشت کے حوالے سے رپورٹس انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور ایسی پالیسیاں بنائیں جو قابل عمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت سے جڑے تمام شعبوں کے مسائل کا احاطہ کرے اور انہیں حل کرنے کیلئے با اختیار فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں۔
اسحاق ڈار ملک کو معاشی عدم استحکام سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: ضیاء حیدر
Oct 08, 2022