گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے جنرل مینجرٹیکنیکل پرویز اقبال اورجنرل مینجر آپریشن مظہر نوید سمیت 5 سینئر افسروں کی اگلے عہدوں میں ترقی۔گیپکو اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق چیف انجینئرز پرویز اقبال اور مظہر نویدکو جنرل مینجر جبکہ ایڈیشنل چیف انجینئرز محمدآصف ندیم، شاہد نعیم چیمہ اور شوکت علی کو چیف انجینئر کے عہدہ پر ترقی دے دی گئی ہے۔گیپکو اتھارٹی نے جنرل مینجرز کے عہدہ پر ترقی پانے والے پرویز اقبال کو بطور جنرل مینجر ٹیکنکل جبکہ مظہر نوید کو بطور جنرل مینجر آپریشن اپنے فرائض سرانجام دیتے رہنے کی ہدایت کی ہے اسی طرح چیف انجینئر کے عہدہ پر ترقی پانے والے محمد آصف ندیم کو چیف انجینئر (پی اینڈ ای)، شاہد نعیم چیمہ کو چیف انجینئر (ڈویلپمنٹ) اور شوکت علی کو چیف انجینئر او اینڈ ایم (ڈسٹری بیوشن) تعینات کر دیا گیا ہے۔ترقی پانے والے تمام افسروں کو چیف ایگزیکٹو گیپکو محمد ایوب، گیپکو انتظامیہ، یونین عہدیداروں و دیگر افسروں و ملازمین نے مبارکباد دیتے ہوئے اُن کیلئے نیک تمناؤوں کا اظہار کیا ۔