ہرات (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان ہفتہ کی صبح 6.3 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، جس کا مرکز جنوبی خطے کے سب سے بڑے شہر ہرات کے قریب تھا۔ جس کے نتیجے میں 120 افراد جاں بحق اور1200 افراد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق مغربی افغانستان میں 6.3 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں120 افراد جاں بحق اور 1200 زخمی ہوئے، اس کے علاوہ مٹی کے تودے اور عمارتوں کے ملبے میں پھنسے ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ امریکا کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ہرات کے شمال مغرب میں 40 کلومیٹر دور تھا اور اس کے فوری بعد 5.5، 4.7 اور 6.2 کی شدت کے تین آفٹر شاکس بھی آئے۔ افغان طالبان کی حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ جب صبح گیارہ بجے کے قریب پہلا زلزلہ آیا، تو رہائشی اور دکاندار عمارتوں سے بھاگ گئے اور ایک شہری جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے ہیں۔ افغان طالبان کی حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ جب صبح گیارہ بجے کے قریب پہلا زلزلہ آیا‘ تو رہائشی اور دکاندار عمارتوں سے بھاگ گئے اور ایک شہری جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ پریشان اور خوفزدہ ہیں۔ خواتین‘ مرد‘ بچے ‘ ہر شخص اپنے گھر سے باہر نکل آیا‘ اس کے بعد آفٹر شاکس بھی آئے۔ ہر شخص پریشان ہے‘ کوئی بھی اپنے گھر کے اندر نہیں جانا چاہتا۔ یو ایس جی ایس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ ممکنہ طور پر سینکڑوں افراد کی ہلاکت ہو سکتی ہے۔ امریکہ کے جیولوجیکل سروے نے رپورٹ کیا کہ زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔ ہرات شہر ایران کی سرحد سے 120 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ یہ افغانستان کا ثقافتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات اسلام آباد کا کہنا ہے کہ آج دوپہر سے اب تک افغانستان میں زلزلے کے پانچ جھٹکے آ چکے ہیں۔ وفاقی محکمہ موسمیات کے مطابق افغانستان میں زلزلے کا پانچواں جھٹکا 2 بجکر41 منٹ پر آیا تھا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5 ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی گہرائی 76 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز شمال مغربی افغانستان تھا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز افغانستان کے مغربی حصے میں آدھے گھنٹے کے اندر تین طاقتور زلزلے آئے۔ پہلا زلزلے کا جھٹکا 12 بجکر 11 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی، دوسرا جھٹکا 12 بجکر 19 منٹ پر محسوس کیا گیا جس کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.6 تھی جبکہ تیسرا زلزلہ 1 بجے کے قریب آیا جس کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔قیامت خیز زلزلہ کی 18ویں برسی پر بالاکوٹ اور گردونواح میں پھر زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ذرائع کے مطابق زلزلے سے درودیوار ہل گئے جس سے عوام میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
افغانستان میں 6.3شدت کا زلزلہ، 120افراد جاں بحق، 1200زخمی
Oct 08, 2023