لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا جبکہ بنگلہ دیش نے افغانستان کو شکست دیدی ۔ ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکاکیخلاف 428 رنز کا پہاڑ کھڑا دیا۔ نئی دہلی کے ارون جیٹلی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں پر 428 رنز بنائے جوکہ ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ایڈن مارکرم نے 49 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی۔کوئنٹن ڈی کاک نے 100، وینڈر ڈوسن نے 108 اور ایڈن مارکرم نے 54 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ دلشن مدھوشنکا نے دو ، راجیتھا اور پتھیرانا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل 2015 ءمیں آسٹریلیا نے افغانستان کےخلاف 6 وکٹ پر 417 رنز بنائے تھے۔ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنائی گئی ہیں۔ کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور ایڈن مارکرم نے سنچریاں سکور کیں۔ کرکٹ ورلڈکپ میں اس سے قبل 18 بار اننگز میں دو سنچریاں بنائی گئی ہیں۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگز میں تین سنچریاں بنی ہیں، چار میں سے تین مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقہ اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔جواب میں سری لنکن ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور326رنز پر آﺅٹ ہوگئی ۔ کوشل مینڈس 76‘چاریتھ اسالنکا 79اورکپتان داسن شناکا68رنز بناکر نمایاں رہے ۔گیرالڈ کوئٹزی نے تین ‘مارکو جناسین ‘کاگیسو ربادا‘کاشیومہاراج نے دو دو کھلاڑیوں کوآﺅٹ کیا۔ایڈن مارکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 34.4اوور زمیں چار وکٹوں پرحاصل کرلیا، بنگلہ دیش کے نجم الحسین شنتو 59 ‘ مہدی حسن میراز 57 ، لٹن داس 13، شکیب الحسن 14 اور تنزید حسن 5 رنز بناسکے۔ فضل الحق فاروقی، نوین الحق اور عظمت اللہ عمرزئی کو ایک ایک وکٹ ملی۔ افغانستان ٹیم 37.2اوورز میں 156رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ رحمان اللہ گرباز 47، ابراہیم زدران22، رحمت شاہ اور حشمت اللہ شہیدی 18،18 اور عظمت اللہ عمرزئی 22 رنز بناسکے۔ شکیب الحسن اور مین آف دی میچ مہدی حسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ورلڈ کپ: 3سنچریوں، رنز کا ریکارڈ، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ہرادیا
Oct 08, 2023