لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں 1787 کمپلینٹ سنٹر کا اچانک دورہ کیا ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 1787 سنٹر میں سٹاف ورکنگ کی انسپکشن کی اور صوبہ بھر سے موصول شکایات اور انکے ازالے کے عمل کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع سے موصول شکایات خود سنیں اور ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی ورکنگ کا جائزہ لے جارہا ہوں ، آر پی اوز ، ڈی پی اوز بھی مانیٹرنگ بہتر بنائیں ، شہریوں کی شکایات کے ازالے میں تاخیر کا سبب بننے والے سپروائزری افسران کو فیلڈ پوسٹ سے ہٹا دیا جائےگا۔ اندراج مقدمہ میں تاخیر پر زیرو ٹالرینس کے تحت ذمہ داران کےخلاف سخت کاروائی کی جارہی ہے۔ غلط تفتیش کے مرتکب اہلکار بھی رعایت کے مستحق نہیں ، متعلقہ سپروائزری افسر سے بھی جواب طلبی ہوگی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد اور ان کی ٹیم نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد نے آئی جی پنجاب کو ضلع میں اغوا برائے تاوان، بلائنڈ مرڈر، ڈکیتی سمیت سنگین جرائم ٹریس اور ریکوری بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لیڈرشپ کا مرکزی پہلو مستقبل کے لیڈرز بنانا، موجودہ لیڈرز کو سپاہ کی ویلفیئر کےساتھ پراعتماد اور کامیاب منتظم بنانا ہے، فورس کو متحرک اور فعال بنانے کےلئے ان کی ویلفیئر اور پروموشن سے نہایت مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
شکایات حل نہ کرنیوالے سپروائزری افسران کو فیلڈ پوسٹ سے ہٹا دیا جائےگا:آئی جی
Oct 08, 2023