لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ضروری وسائل مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے سربراہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے زیر انتظام ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خالی اسامیوں کے بارے میں رپورٹ تیار کریں۔ اس کے علاوہ یہاں ایکسرے، الٹرا ساونڈ مشینوںں، طبی آلات اور دیگر مشینری کی ضروریات کا بھی جائزہ لیں اور اس سلسلے میں جامع تجاویز و سفارشات مرتب کر کےایک ہفتے کے اندر اندر رپورٹ پیش کریں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے پنجاب کے 36 اضلاع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیزکی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں وسائل کی کمی نہیں۔ ڈاکٹروں کے جذبہ خدمت کی ضرورت ہے۔