لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر اور سابق پی سی بی چیئرمیں احسان مانی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لیڈرشپ دکھائے اگر پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کو بھارت کے ویزے جاری نہیں کیے جاتے تو بھارت کے میچ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کو واپس بلایا جائے۔ ان حالات میں جہاں پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کے لیے نو گو ایریا بنا ہوا ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بھارت میں ورلڈ کپ میں کھیلنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ پی سی بی پیر کو اس بارے میں فیصلہ کرے اور بھارتی سازش کا بھانڈا پھوڑا جائے۔ کرکٹ میں سیاست کو منسلک کرنا درست نہیں ہے۔ بھارت یہ حالات پیدا کرکے آئی سی سی کے معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ دنیا میں کوئی ٹورنامنٹ تماشائیوں اور صحافیوں کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے۔ موجودہ حالات میں اگر پاکستان اپنی ٹیم کو بھارت سے واپس بلاتا ہے تو پی سی بی کو مالی نقصان نہیں ہوگا۔ میں جب پی سی بی چیئرمین تھا تو میں نے تین بار آئی سی سی میٹنگ میں یہی نکتہ اٹھایا تھا کہ پاکستانی تماشائیوں اور صحافیوں کےلئے کیا پالیسی ہوگی مجھے تینوں بار اس وقت بھارتی بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانیوں کے ویزے پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ لیکن اب جبکہ ٹورنامنٹ شروع ہوچکا ہے پاکستانیوں کو بھارت میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔
پاکستانیوں کو ویزے جاری نہیں ہوتے تو ٹیم کو واپس بلایا جائے: احسان مانی
Oct 08, 2023