صدر،وزیراعظم کا مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پرتشویش کااظہار

Oct 08, 2023 | 10:34

صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر سخت تشویش کااظہار کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ٹویٹ میں کہنا تھاکہ اسرائیل اور فلسطین میں  مزید خونریزی اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ صورتحال فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے کیونکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تشدد اور تصادم سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ میں بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ فریقین کو لڑائی مزید بڑھانے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے کام کرے۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا ٹویٹ میں کہنا تھاکہ مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کا اعادہ کرتا ہے 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

مزیدخبریں