آئی سی سی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں آج آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔میچ کے دوران بارش کا بھی امکان ہے۔تفصیلات کےمطابق ون ڈے ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں آج چنئی میں آمنے سامنے آئیں گی ۔محکمہ موسمیات نے آج چنئی میں بارش کی پیشگوئی کی ہے ، بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج چنئی میں بارش ہوگی جس سے میچ کےمتاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔بھارت کے لیےتشویش کی خبر یہ ہے کہ اُن کےنوجوان اوپنر شُبمن گل ڈینگی سے پوری طرح صحتیاب نہیں ہوسکے ہیں اور اس میچ میں اُن کی شرکت مشکوک ہے ، اگر وہ نہیں کھیلے تو اُن کی جگہ ایشان کشن کپتان روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔آسٹریلوی ٹیم کے آل راؤنڈر مارکوس اسٹوئنس بھی فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔پچ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ سپنرز کو مدد دے گی ، اسی لیے میزبان ٹیم میں تین اسپنرز شامل کیے جانے کا امکان ہے۔اس سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی سمیٹی ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بھی آسٹریلوی ٹیم یہاں تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیل چکی ہے۔