کراچی: پاک مسلم الائنس (دیوان) کے سربراہ بچو عبدالقادر دیوان نے اعلان کیا ہے کہ پاک مسلم الائنس(دیوان) ایم کیو ایم (پاکستان) سے اتحاد کررہا ہے .جس کا مقصد کراچی کو روشنیوں کا شہر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک مسلم الائنس (دیوان) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاک مسلم الائنس (دیوان) بنگلہ زبان بولنے والے پاکستان شہریوں کی نمائندہ جماعت ہےجن کی کراچی میں 100 سے زائد آبادیاں ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ہماری بیشتر آبادیاں کراچی کے وسط میں وہاں آباد ہیں جہاں اردو بولنے والوں کی کثرت ہے. جس کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا کہ ایم کیو ایم (پاکستان) کے ساتھ مل کر اپنی کمیونٹی کے مسائل کا سدباب کریں۔پاک مسلم الائنس (دیوان) کا کہنا ہے کہ ہماری آبادیوں کے مسائل عرصہ دراز سے حل طلب ہیں۔ اسکول، کالج، ہسپتال، پارک یا سڑکوں سمیت کوئی بنیادی سہولت میسر نہیں۔ ہم اپنے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کیلئے ایم کیو ایم کے ساتھ الحاق کر رہے ہیں۔مسلم الائنس (دیوان) کا کہنا ہے کہ کراچی کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ کراچی کو مسائل سے نکالنا ملک کو مسائل سے نکالنے کے مترادف ہے۔ کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ ہونے چاہئیں۔ ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی خریدنے کی ضرورت نہ پڑے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے کھلے گٹروں میں گر کر جاں بحق نہ ہوں. شہریوں کو بنیادی سہولیات، بچوں کو تعلیم اور نوجوانوں کو روزگار دیا جائے۔ ہم نے اسی بات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ایم کیو ایم سے الحاق کا اعلان کیا ہے۔آئندہ انتخابات میں پاک مسلم الائنس (دیوان) کے کارکنان، ووٹرز اور سپورٹرز ایم کیو ایم (پاکستان) کی حمایت کریں گے۔ بچو عبدالقادر دیوان کا کہنا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کی ذات سے قوی امید ہے کہ ایم کیو ایم (پاکستان) کی قیادت ہمیں مایوس نہیں کرے گی۔