حماس کاتیل لیب پر راکٹوں سے حملہ : جنگ کی بھاری قیمت چکائی اسرائیل کو ختم کرکے دم لیں گے : حزاب للہ

بیروت ، غزہ (نیٹ نیوز + آئی این پی) اسرائیل کے ساتھ جنگ کا ایک سال مکمل ہونے پر حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ہم نے حماس کی حمایت کے لیے جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے لیکن حوصلے پست نہیں، جارحیت کے سامنے ڈٹے رہیں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی مزاحمت پسند تنظیم حزب اللہ  کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک کینسر ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنی صلاحیتوں اور طاقت پر یقین ہے۔ چاہے کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے اسرائیل کو تباہ کرکے دم لیں گے۔ جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ کو ایک سال مکمل ہونے پر ایک بار پھر اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ حماس کے القسام بریگیڈ نے غزہ جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اسرائیلی شہر تل ابیب پر راکٹوں سے حملہ کیا جس میں دو اسرائیلی خواتین زخمی ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ خان یونس کے علاقے سے وسطی اسرائیل میں 5 راکٹ فائر کیے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اگست کے بعد کسی بڑے اسرائیلی شہر پر فلسطینی گروپ کا یہ پہلا حملہ ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے بھی شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی اور فوجی گاڑیوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جب کہ حزب اللہ نے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفا پر راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 اسرائیلی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب لبنانی سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں  اور  اسرائیلی شہر حیفہ میں راکٹ حملوں میں مزید ایک اسرائیلی فوجی ہلاک  جبکہ 10کے قریب اسرائیلی زخمی ہوگئے جبکہ صیہونی فورسز کے بیروت میں تازہ حملوں کے بعد مزید خوفناک دھماکے سنے گئے جس میں ممکنہ فاسفورس بم  کے استعمال سے بدبو پھیل گئی اور درجنوں لبنانی شہید و زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ لبنان کی سرحد پر لڑائی میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا اور دو شدید زخمی ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن