اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر انجیئنر امیر مقام نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرواکر واپس لے کر جانیوالے خود غائب ہوگئے۔مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ احتجاج سے کیا حاصل کرنا تھا، خیبرپختونخوا کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کیا گیا، کے پی پولیس کو تھریٹ کرکے اسلام آباد لایا گیا، پورا صوبہ بند کردیا گیا اور لوگوں کو کہا گیا کہ اپنی صلاحیتیں یہاں دکھائیں ، کے پی گورنمنٹ کے لوگوں کو پوسٹنگ ٹرانسفرز کا کہہ کر اسلام آباد لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ کہنا بھی مناسب نہیں، علی امین گنڈاپور یہاں لائے اور لوگوں کو اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئے، آپ نے اپنے پختونوں کو کیا پیغام دیا؟ آپ نے تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرواکر واپس لے کر جانا تھا، آپ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کے بجائے خود ہی غائب ہوگئے۔مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ آپ کو گرفتار کیا جاتا تو کونسا آسمان گرنا تھا،دلیری سے کھڑے ہوتے، باتیں بڑی بڑی کرتے ہیں ،بزدلی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے تھا، ہم سب شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، پی ٹی آئی والوں کا اصل پلان 9مئی والا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کو رہا کروا کر واپس لے جانیوالے خود غائب ہو گئے: امیر مقام
Oct 08, 2024