لاہور (خصوصی نامہ نگار) آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے گزشتہ روز دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کادورہ کیا اور چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں شخصیات نے مذہبی ہم آہنگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔ مہمان سفیر نے ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید اور مفتی محمد حسین نعیمی کے مزارات پر حاضری دی اور محدث اعظم کچھوچھوی لائبریری ہال، شعبہ حفظ القرآن، شعبہ کمپیوٹر و سانئس اور مختلف کلاس رومز کا بھی دورہ کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر کو جامعہ نعیمیہ کی تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ادارے کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کی اعتدال پسندانہ فکر زندہ معاشروں کیلئے بہترین مثال ہے۔ امن کے راستے پر ہی چل کر ہی انسانی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے آسٹریلوی سفارت کار کی ادارے میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک آسٹریلیا سفارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستان باہمی سفارتی تعلقات وتعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔