فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کیا جائے،یوسف رضا گیلانی 

اسلام آباد(خبرنگار)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے پچھلے ایک سال سے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی ہے ۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ غزہ کی پٹی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی افواج کی طرف سے وحشیانہ بمباری اور تسلط کا ایک سال مکمل ہوچکاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے پچھلے ایک سال سے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی ہے عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حالت زار پر توجہ دینے اور تنازعہ کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے کام کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی پر ناجائز قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری خطہ میں دیرپا امن کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے کام کرے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن