اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فلسطین پر اے پی سی میں شرکت سے انکار نے پی ٹی آئی کے چہرے ہی نہیں روح سے بھی نقاب الٹ دی ہے۔ اپنے سوشل میڈیا اکانٹ 'ایکس' پر منگل کو بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئیر راہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اسرائیلی ظلم و ستم کے شکار فلسطینی بزرگوں ماں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار نے پی ٹی آئی کے چہرے ہی نہیں روح سے بھی نقاب الٹ دی ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا میں اپنے خیالی حقوق کی پامالی کا جھوٹا پراپگنڈا کرنے والوں کو غزہ کی خون میں نہائی گلیاں اور بھوک سے دم توڑتے معصوم بچے دکھائی نہیں دیتے۔۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی قوم کو اتنا تو بتا دے کہ وہ کس کی ناراضگی کے خوف سے اور کس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے سے ڈرتی ہے۔
اے پی سی میں شرکت سے انکار،پی ٹی آئی کا چہرہ سامنے آگیا ،عرفان صدیقی
Oct 08, 2024