صدر‘وزیراعظم کی8اکتوبر 2005کے زلزلہ متاثرین سے اظہار ہمدردی 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘خبر نگار خصوصی)صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آ صف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قومی یوم استقامت‘8  اکتوبر 2024 ء کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ہم 8 اکتوبر 2005 ء کے تباہ کن زلزلے اور اس کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان کی یادمیں قومی استقامت کا دن منا رہے ہیں۔ یہ زلزلہ ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں ناقابل ِفراموش تباہی کا باعث بنا۔ تاہم، اس تباہی  کے دوران  ہماری قوم نے بے مثال استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔ آج میں اس زلزلے کے بعد گراں قدر تعاون کرنے پر عالمی برادری‘ دوست ممالک‘سول سوسائٹی اور فلاحی تنظیموں کا بھی تہہ ِدل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ انہوں نے ہم سے حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف ہماری سڑکوں، تعلیم، صحت اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو میں مدد کی بلکہ زلزلے سے متاثرہ لوگوں کو امید بھی دی اور انہیں اپنی زندگیوں کی تعمیر ِنو کے قابل بنایا۔حالیہ برسوں میں، موسمیاتی تبدیلیوں  کے پیشِ نظر پاکستان کو قدرتی آفات سے لاحق خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بڑھتا درجہ حرارت، غیر متوقع اور شدید موسمی حالات جیسا کہ سیلاب‘ خشک سالی‘ گرمی کی لہراور لینڈ سلائیڈنگ سے ہمارے بنیادی ڈھانچے اور لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے ۔

ای پیپر دی نیشن