نابینا افراد کا احتجاج جاری‘ مطالبات کی منظوری کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

Oct 08, 2024

لاہور (لیڈی رپورٹر+ خبر نگار) مطالبات کی منظوری کے لئے پنجاب بھر سے آئے نابینا افراد کا دھرنا 15 ویں روز بھی جاری رہا۔ پریس کلب، ایجرٹن روڈ، فیصل چوک اور کلب چوک پر دھرنا دینے اور مختلف احتجاجی مظاہرے کرنے کے بعد مظاہرین شملہ پہاڑی اور پھر محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ میں منتقل ہوگئے۔ جہاں وہ اپنے حقوق اور مطالبات کے حصول کیلئے ڈٹے ہوئے ہوئے ہیں۔ تاہم کچھ بھوک، بیماری اور ڈینگی کا شکار ہیں۔ دوسری جانب محکمہ سوشل ویلفیئر نے انہیںدو وقت کا روکھا سوکھا کھانا دینا بھی بند کردیا جس کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ ہو رہاہے، محکمے کے افسران کئی روز سے مظاہرین سے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کی اسلام آباد سے واپسی پر ملاقات اور مذاکرات کے وعدے کر رہے ہیں۔ نابینا افراد نے کہا ہے کہ کوئی ہمارا پرسان حال نہیں، بے روزگاری اور غربت کے باعث گھروں میں بھی فاقے ہیں، مطالبات منظور ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ میں نابینا افراد کے مطالبات کی منظوری اور تحفظ فراہم کروانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ رانا سکندر ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نابینا افراد دو ہفتوں سے مال روڈ پر احتجاج کر رہے ہیں۔ نابینا افراد کے قانونی مطالبات منظور کرنے  کے احکامات جاری کئے جائیں۔

مزیدخبریں