خون کے آخری قطرے تک فلسطین کے ساتھ‘ ا سلامی ملک گروپ بنائیں: فضل الرحمن

Oct 08, 2024

کراچی+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) فضل الرحمن نے کراچی میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے تحت فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے کہا ہے کہ فلسطین جیت گیا۔ اسرائیل کو شکست ہوئی۔ آج اسرائیل کا پول کھل چکا ہے۔ ہم نے فلسطین کے مؤقف کو زندہ رکھا۔ ہم فلسطین کا مقدمہ جیت چکے۔ اسرائیل شکست کھا چکا ہے۔ ہم 50 سال پہلے بھی فلسطین کے ساتھ تھے، 50 سال بعد بھی آپ کے ساتھ ہوں گے۔ فلسطین میں نسل کشی ہو رہی ہے۔ جب لوگ یہاں پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے ترغیب دے رہے تھے تو ہم میدان میں تھے۔ جب کہا جا رہا تھا کہ مسئلہ فلسطین ایک بھولی ہوئی کہانی ہے تو ہم نے اس مسئلے کو زندہ رکھا۔ آج حماس کے مجاہدوں نے بتا دیا کہ اسرائیل ہار چکا ہے۔ فلسطین جیت گیا۔ امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھوں سے فلسطینیوں کا خون ٹپک رہا ہے۔ ایک سروے کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کو دنیا کیلئے خطرہ قرار دیا گیا۔ آپ انسانی حقوق کے بڑے چیمپئن بنتے تھے آئینہ دیکھیں، آپ انسانیت کے قاتل ہیں۔ مسلم دنیا سے توقع ہے وہ کوئی عملی اقدام کرے۔ بڑے اسلامی ممالک کا ایک گروپ بنائیں۔ اپنی سیاسی اور دفاعی حکمت عملی بنائیں۔ فلسطینی مسجد اقصیٰ کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اسرائیل ایک باؤلا کتا بن گیا ہے۔ خون کے آخری قطرے تک ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکہ کہتا ہے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا جائے۔ انسانیت کا قاتل انسانی حقوق کا کبھی علمبردار نہیں بن سکتا۔ علاوہ ازیں فضل  الرحمن اور مولانا عبدالغفور حیدری نے کراچی میں چینی شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب دھماکہ کی مذمت کی ہے۔ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ برادر ملک چائنہ کے شہریوں پر حملہ افسوسناک ہے۔ ملک میں نہ امن ہے‘ نہ جمہوریت ہے‘ نہ معیشت درست سمت جا رہی ہے۔ عبدالغفور حیدری نے کہا چینی شہریوں پر حملہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔

مزیدخبریں