سعودی عرب میں جنرل اینٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے ایک نئے دستاویزی کام کے بارے میں انکشاف کیا ہے جس میں معروف سعودی گلوکار محمد عبدہ کی فنی اور سماجی زندگی کے مختلف مراحل کو محفوظ کیا گیا ہے۔ محمد عبدہ "عربوں کا فن کار" کے خطاب سے جانے جاتے ہیں۔
اس دستاویزی کام کے متن کی تحریر میں سعودی ادیب عبداللہ ثابت نے حصہ لیا۔محمد عبدہ کے چاہنے والے ہمیشہ ان کے گانے گنگاتے رہتے ہیں۔ اس لیے کہ عبدہ کا کام ان تھوڑے کاموں میں سے ہے جو مقامی سطح سے نکل کر عرب اور علاقائی سطح تک پہنچے۔ عبدہ نے کئی گیت ایسے سادہ الفاظ کے ساتھ گائے جو تمام عرب ممالک میں استعمال ہوتے ہیں۔عربوں کے فن کار (محمد عبدہ) نے فصیح عربی الفاظ میں بہت سے گیت گائے جن میں عراقی شاعر بدر شاکر السیاب کی نظم "بارش" اور دور جاہلیت کے معروف قصائد کے بعض شعراء کا کلام شامل ہے۔محمد عبدہ عربی تاریخ میں ان چند فن کاروں میں سے ہیں جن کے بارے میں ناقدین اور دل چسپی رکھنے والوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ عمر بڑھنے کے باوجود وہ ہمیشہ عروج پر رہے ہیں اور ان کی آواز سدا بہار ہے.