وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا ہے، علی امین گاڑی کی ڈِگی میں بیٹھ کر واپس گئے، پی ٹی آئی نے ایک اور 9مئی کرنے کی کوشش کی، اگر روکا نہ جاتا تو ڈی چوک میں بیٹھ جاتے۔انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جب بھی معاشی طور پر ٹیک آف کرنے لگتا ہے تو ایسا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، پچھلے آٹھ دس سال سے حالات خراب کئے جارہے ہیں، اس سے پہلے ہماری غلطیاں تھیں کہ افغان جنگ میں الجھ گئے، لیکن موجودہ جو پی ٹی آئی یا عمران خان ہے، یہ باقاعدہ ڈیزائن کیا گیا ہے، تاکہ پاکستان ایک ایسی سطح پر رہے کہ وہ عالمی مالیاتی اداروں اور طاقتورممالک کا محتاج رہے اور پاکستان کبھی معاشی طور پر خودمختار نہ ہوسکے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہے، اور یہ 2014 کا ہی ریپلیکا ہے، عمران خان انٹرنیشنل لابیز کے پلانٹڈ ہیں، جس میں صیہونی سرفہرست ہیں۔ آپ لوگوں نے دیکھا کہ ایک طرف دھرنا ہورہا ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی اور خیبرپی کے کے تمام وسائل استعمال کئے گئے، ان کی گاڑیاں ، مشینری ساری اسلام آباد پولیس کے پاس پڑی ہے، دوسری طرف کراچی میں چائنز پر حملہ ہوا، تیسری طرف طالبان کے حملے میں ہمارے 12 فوجی شہید ہوئے۔ایک طرف بی ایل اے نے کراچی جاکر آپریٹ کیا، پھر کالعدم ٹی ٹی پی اور تیسری جگہ دارلحکومت پر پی ٹی آئی اٹیک کررہی تھی، یہ ایک ویب کا حصہ ہے۔اگر کسی کو تھوڑا سا بھی شعور ہے اس کو سمجھ جانا چاہیے کہ پاکستان میں کیا ہورہا ہے؟اب تو پی ٹی آئی نے اپنے جلسے میں انڈین وزیرخارجہ کو بلا لیا ہے، یہ بات کسی بھی طرح درست نہیں تھی۔ پاکستان اس وقت بڑے تھریٹ سے گزر رہا ہے۔
گنڈاپور کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوا ہے، وہ گاڑی کی ڈِگی میں بیٹھ کر واپس گئے
Oct 08, 2024 | 23:16