مسلم لیگ نون کوکمزورکرنے کے خواب دیکھتے دیکھتے مشرف عازم لندن ہو گئے،دعا ہے کہ بابر اعوان اس انجام کونہ پہنچیں ۔ سینیٹرپرویزرشید

انہوں نے یہ بات مسلم لیگ نون کے قائد محمد نوازشریف سے متعلق وفاقی وزیرقانون بابراعوان کے تنقیدی بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بابراعوان کی رشوت خوری سپریم کورٹ کے ریکارڈ کا حصہ ہے جس کے مطابق وہ موکل حارث سٹیل ملزکے مالک شیخ افضل سے کروڑوں روپےمقدمہ لڑنے کیلئے نہیں بلکہ پی سی اوججوں کوخریدنے کیلئے لیتے رہے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے اسے قومی بدقسمتی کے علاوہ کوئی دوسرا نام نہیں دیا جاسکتا کہ قانون سےکھیلنے والا وزیرقانون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابراعوان کا بے نظیر بھٹو کو مرتے ہوئے چھوڑ کر پراسرار انداز میں فرار ہونا قومی تاریخ کا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نےکہا کہ پیپلزپارٹی کا یرغمالی گروپ دوسری پارٹیوں کی طاقت اورکمزوری نہ دیکھے بلکہ اپنی پارٹی کوسنبھالے۔ عدلیہ اور میڈیا کی آزادی سے خوفزدہ کرپٹ گروپ مسلم لیگ نون کی اصولی سیاست کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن