وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی کی ملاقات میں سیلاب کی صورتحال اور سیکورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کیلئے کے مسلح افواج کا کردار قابل تحسین ہے۔ اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری بارونیس ویلین اے موس نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے انہیں سیلاب کی تباہ کاریوں کی تفصیلات اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ عالمی ادارہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے موثراقدامات کرے گا۔ اس موقع بارونیس ویلین اے موس نے بتایا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے عالمی برادری سے تعاون کیلئے اپیل ستمبرکے تیسرے ہفتے میں کی جائے گی۔ وفاقی وزریر پٹرولیم و قدرتی وسائل سید نوید قمر، وزیر خوراک و زراعت نذرمحمد گوندل اور اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت سید صمصام بخاری نےبھی وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے اندرون اور بیرون ملک مخیر حضرات میں شعور کی بیداری کےلئے مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔