قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پراسیکیوٹرجنرل نیب عرفان قادر کو براہ راست ایوان صدر سے ہدایات مل رہی ہیں۔

چودھری نثارپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدر آمد کا کہتے ہیں تو دوسری طرف عرفان قادر اتنے طاقتورہوچکے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کے ساتھ ساتھ حکومتی فیصلوں کا بھی مذاق اڑاتے پھر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ این آر او کےخلاف فیصلے کے بعد حکومت سپریم کورٹ کی آئینی اور جمہوری حیثیت کو تسلیم نہیں کررہی۔ اگر حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ مانا تو عوام حکومت کی بات ماننا چھوڑ دیں گے ۔ سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مختلف ممالک اور ادارے حکومت پرعدم اعتماد کا اظہارکرچکے ہیں ۔ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے کمشن قائم کرنے کی مخالفت کے پیچھے سیاسی مقاصد تھے جبکہ  اس کے تانے بانے ایوان صدر سے ملتے ہیں۔ امریکہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذموم کوشش کے حوالے سے چودھری نثارعلی نے کہا کہ حکومت کو عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکہ پر واضح کر دینا چاہیے کہ خدانخواستہ ایسا اقدام ہوا تو اس سے ہرطرف آگ لگ جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن