سندھ کےضلع دادوکی تحصیل جوہی کے رنگ بند میں چارشگاف پڑنےسے دادو شہرکے ڈوبنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا، سیلابی ریلےسےمزید سودیہات زیر آب آگئے۔ 

Sep 08, 2010 | 19:38

سفیر یاؤ جنگ
تحصیل جوہی میں شہر کو بچانے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رنگ بند تعمیر کیا تھا جس میں چار جگہ پر شگاف پڑ چکا ہے۔ بند میں شگاف پڑنے کی وجہ سے دادو جوہی روڈ مکمل طور پر زیرآب آگئی ہے اور سڑک ٹریفک کے لئے بند کردی گئی جس کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دادو شہر میں اس وقت مقامی آبادی سمیت دس لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین موجود ہیں جن کو امداد مہیا کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ سیلابی صورت حال کی وجہ سے ضلع دادو کی بیس لاکھ کے قریب آبادی متاثر ہوئی ہے۔ اس سے پہلے ایف پی بند میں ایک سو بیس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے دادو کی گیارہ یونین کونسلوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ میہڑ اور جوہی میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔ ادھردادو سے  پندرہ کلومیٹردور ایف پی بچاؤ بند کے گاؤں میاں جی کنڈی کے قریب چالیس فٹ کا چوڑا شگاف پڑگیا جس کی وجہ سے مزید پچاس دیہات پانی کی زد میں آگئے ہیں۔ سیلابی پانی ایم این وی ڈرین کے ذریعے دادو شہر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ سیلاب کے خطرے کے باعث دادو جیل سے تمام قیدیوں کوسنٹرل جیل حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزیدخبریں