نیویارک (اے پی پی) سرینا ولیمز اور وکٹوریہ آزارینکا نے یو ایس اوپن کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک (امریکا) میں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا نے اٹلی کی فلاویہ پینیٹا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک امریکہ کی سرینا ولیمز نے چین کی نا لی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور فائنل میں جگہ حاصل کی۔ سرینا ولیمز کی جیت کا سکور 6-0 اور 6-3 رہا۔جمہوریہ چیک کی آندریا ہلاواکووا اور لوسی ہارڈیکا نے امریکی ولیمز سسٹرز کو شکست دے کر یو ایس اوپن کے ویمنز ڈبلز مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کھیلے گئے ویمنز ڈبلز کے دوسرے سیمی فائنل میں ففتھ سیڈ جمہوریہ چیک کی آندریا ہلاواکووا اور لوسی ہارڈیکا نے امریکا کی سرینا ولیمز اور وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ فاتح جوڑی کی جیت کا سکور 6-4 اور 6-2 رہا۔ فائنل میں ان کا مقابلہ آسٹریلوی جوڑی ایشلے برٹی اور سیسی ڈیلکوا سے ہوگا۔ سربیا کے نوویک ڈجکووچ نے سویڈن کے واورینکا کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ نوویک نے 2-6،7-4 ، 3-6، 6-3 ، اور 6-4 کے سکور سے کامیابی حاصل کی۔