اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے منور علی تالپورنے کہا ہے کہ عمران خان اور قادری کے بے مقصددھرنوں نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہونے سے نہ صرف 34ارب ڈالر کی سرمایہ کاری رک گئی بلکہ پاکستان کے دشمنوں کی خواہش بھی پوری ہوئی۔ سیاسی احتجاج معاشی استحکام سے زیادہ اہم نہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان اکانومی واچ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پاکستان اکانومی واچ کے صد ڈاکٹر مرتضیٰ مغل ، عبداللہ طارق اور دیگر بھی موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ احتجاج کرنے والے کئی معاہدے توڑ چکے ہیں اور انکا پرامن رہنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ کرائے کے انقلابیوں کوپارلیمنٹ یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔صحیح فیصلے ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں۔ ن لیگ کا صبر قابل ستائش ہے مگرحکمرانی قانون کی ہونی چائیے بلوائیوں کی نہیں۔حکومت کے غیر فعال ہونے کا تاثر ختم کیا جائے۔