آپریشن ضرب عضب ہماری بقاءکی جنگ ہے‘ قومی یکجہتی کو نفرتوں کی نذر نہ کیا جائے : بلاول

کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی سمندر میں طغیانی اور دھرنوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت، سیاستدانوں اور قوم نے پاکستان کی بقا کی جنگ کی خاطر در بدر ہونے والے اپنے شمالی وزیرستان کے متاثرین بھائیوں کو بھلا دیا ہے۔ ان آئی ڈی پیز نے ہمارے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔ مسلح افواج ملک کی بقاءوسلامتی کے لئے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہیں، آپریشن ضرب عضب ہماری بقا کی جنگ ہے۔ اس وقت سیاسی حالات کے باعث ہم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں اور آئی ڈی پیز کو بھول گئے ہیں جو بڑی بدقسمتی ہے۔ میں سیاسی قیادت سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ نفرتوں کی دیواریں ختم کرکے اور اپنے اختلافات کو بھلا کر قومی یکجہتی پیدا کریں، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی بھرپور امداد کریں۔ قوم کے نام ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ مسلح افواج ملک کی بقاءکی خاطر آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے۔ شمالی وزیرستان کے لاکھوں آئی ڈی پیز نے اس دھرتی کو محفوظ بنانے کیلئے نقل مکانی کی ہے۔ یہ آئی ڈی پیز دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث دربدر ہیں۔ خودکش اور ڈرون حملوں کے باوجود ان آئی ڈی پیز کے حوصلے انتہائی بلند ہیں۔ یاد رکھیں کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں فوج اور پولیس کے جوانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ 2009ءمیں بھی سوات آپریشن میں قوم نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا، نقل مکانی کرنے والے اپنے متاثرین بھائیوں کے لئے دروازے کھولے تھے، ان کی مکمل بحالی تک جس طرح یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا، آج اسی یکجہتی کے مظاہرے کی دوبارہ ضرورت ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں ہم نے بہت سے جنازے اٹھائے ہیں مگر ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ اسی قومی ہم آہنگی کے لئے آج ہمیں پھر اسی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا جس یکجہتی کا مظاہرہ ہم نے 2009ءمیں کیا تھا۔ کچھ عناصر ملک میں نفرتیں پھیلا رہے ہیں اور قوم کو لڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان عناصر کے خلاف قوم متحد ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے ہمارے شہید اہلکاروں کا خون ابھی خشک نہیں ہوا۔ وہ مکمل بہادری اور جانثاری کے ساتھ اس ملک کی سلامتی کے لئے جنگ میں مصروف ہیں۔ ہم شمالی وزیرستان میں جاری پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں شامل افسروں اور جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہیں یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ ملک میں جمہوریت بہت قربانیوں کے بعد ملی ہے، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے شہید بےنظیر بھٹو نے جان کا نذرانہ پیش کیا، شہید بی بی نے عہد کیا تھا کہ وہ اس وقت ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائیں گی۔ آج ہمیں اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک قوم بننا ہو گا۔ تمام قوم اور فلاحی اداروں کو دل کھول کر اپنے آئی ڈی پیز بھائیوں کی مدد کرنی ہوگی۔ سندھ سمیت پورے ملک کی عوام کو یہ باور کرانا چاہئے کہ ہم اپنے شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بحالی اور آباد کاری کے لئے ہرممکن مدد کریں گے۔ آئیے ہم مل کر ملک سے نفرتوں کے بیج ختم کریں۔ محبت کا پیغام عام کریں۔ میں تجویز کرتا ہوں کہ حکومت آئی ڈی پیز بھائیوں کی مو¿ثر امداد کے لئے سمارٹ کارڈ کے توسط سے جامع پروگرام تشکیل دے۔ قومی یکجہتی کو سیاست اور نفرتوں کی نذر نہ کیا جائے بلکہ قومی یکجہتی کو فروغ دیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں تین سکھ تاجروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان کا آئین اقلیتوں کے تحفظ کا ضامن ہے بلکہ ہمارے دین نے بھی ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں ممکنہ سیلابی صورت حال پر سندھ حکومت، تمام وزراءاور پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کڑی نظر رکھیں، تمام وزراءاور ارکان اسمبلی ممکنہ متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کرکے وہاں کی صورتحال کی مکمل رپورٹ آج شام تک پہنچائیں۔ بلاول ہاﺅس کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے وزیر اعلیٰ سندھ سے سندھ میں ممکنہ سیلاب کے خطرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پورے صوبے میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور تمام ڈی سی اوز اور ان کے ماتحت عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں کام پر پہنچ جانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے اور تمام محکموں کو الرٹ رہنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے تمام وزراءاور ذمہ داران کو فوری طور پر نچلی سطح پر قائم علاقوں میں پہنچ کر وہاں نالوں اور بندوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔
زرداری/ بلاول

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...