لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف حافظ آباد کے علاقے جلالپور بھٹیاں کی مختلف بستیوں میں سیلاب میں گھرے لوگوں کے ساتھ رات دیر تک بیٹھے رہے اور متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کےلئے اپنی نگرانی میں ریسکیو آپریشن کرایا۔ وزیرعلیٰ کے کہنے پر پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی بوٹس جلالپور بھٹیاں پہنچ گئیں اور سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کے انخلاءکے لئے آپریشن تیز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی نگرانی میں کشتیوں میں سیلاب میں گھرے لوگوں کوسوار کرایا اور محفوظ مقامات پر بھجواتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا جب تک لوگوں کے انخلاءکے تسلی بخش انتظامات نہ ہو جائیں اور اپنی تسلی ہونے تک یہاں سے نہیں جاﺅں گا۔ آپ اپنا کام ٹھیک طور پر نہیں کرسکے، مجھے تو اپنا کام کرنے دیں۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب محصورین کے لئے کھانا بھی بھجوایا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا آپ کیسی وزیر ہیں، صبح سے کہاں تھیں، میں کشتیاں اب منگوا سکتا ہوں تو آپ کیوں نہیں منگوا سکتیں۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو بھی سخت جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کشتیوں کی کمی کا کون ذمہ دار ہے؟ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے محفوظ انخلاءکےلئے آپریشن پر ڈی جی ریسکیو 1122 رضوان نصیر اور عملے کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ/ انتظامات