لاہور + کراچی (خبر نگار+ آئی این پی) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے گذشتہ روز اپنے تمام فضائی اڈوں پر 7 ستمبر یوم شہداءکے طور پر منایا۔ ائر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے شہداءکی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور ائرمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے پاک فضائیہ کے شہداءاور ان تمام افراد کے لئے خصوصی دعاﺅں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک پاکستان کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ اسی طرح فضائیہ کے ایک دستے نے ائر وائس مارشل اظہر حسن رضوی، ائر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائر کمانڈ کی سرکردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداءکی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ 65ءکی جنگ میں پاک فاضئیہ کے فائٹر پائلٹ ایم ایم عالم نے جدید اسلحہ سے لیس 5 بھارتی ہاکر طیاروں کو صرف 55 سیکنڈز میں زمین بوس کر کے اپنی بہادری کی دھاک بٹھا دی تھی۔ اس موقع پر شہید راشد منہاس کی والدہ نے کہا کہ ملک کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے اور ان کے لیے شہید کی ماں کا درجہ ملنا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
یوم فضائیہ