افغان سرحد پر کاروائیاں حوصلہ افزائ‘ پاکستان پردہشتگردوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے پر زور دیتے رہیں گے‘ امریکہ

Sep 08, 2016

واشنگٹن (این این آئی + اے پی پی) امریکہ نے پاکستان پر کسی بھی قسم کی پابندیوں پر غور کی سختی سے تردیدکرتے ہوئے کہاہے کہ  پاکستان پردہشتگردوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے پر زور دیتے رہیں گے۔ امریکہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے، پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحدی علاقے میں کی جانے والی کارروائیاں بھی حوصلہ افزاہیں،، پڑوسی ملکوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بھی ناگزیر ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میںامریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان پر کسی بھی قسم کی پابندیوں پر غور کی سختی سے تردید کی، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی پابندیا ں لگانے پر غور نہیں ہورہا۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان پر دہشتگردوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنے پر زور دیا ہے اوردیتے رہیں گے۔ امریکہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحدی علاقے میں کی جانے والی کارروائیاں بھی حوصلہ افزا ہیں۔مارک ٹونر نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف کئے جانے والے تمام اقدامات قابل ستائش ہیں تاہم دہشتگردوں کے تمام محفوظ ٹھکانے بھی ختم کرنا ہونگے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پڑوسی ملکوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بھی ناگزیر ہے۔ مارک ٹونر نے جان کیری کے دورہ بنگلہ دیش اور بھارت میں دیئے گئے بیانات کے بارے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی پاکستان سے کھلے ماحول میں بات چیت ہوئی ہے جس میں دہشتگرد گروپوں کے خلاف اقدامات کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے خاص طور پر ان کے خلاف جو پاکستانی سرزمین کو اپنی مذموم کارروائیوں کے لئے استعمال کر تے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہمارا رابطہ برقرار ہے اور اس ضمن میں پاکستان اچھے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ آپریشنز اور باہمی تعاون پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے۔مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ ان تمام اقدامات کو خطے میں امن اور استحکام کے قیام کی نظر سے دیکھ رہا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اس ضمن میں اپنا موثر کردار ادا کرے اور افغان حکومت کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ اپنے شہریوں اور اپنی سرحدوں کا تحفظ کر سکے۔ مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ اس امر کا خواہشمند ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون اور اس بارے انٹیلی جنس رپورٹس کے تبادلے پر اتفاق کو فروغ دیا جائے۔
امریکہ

مزیدخبریں