اسلام آباد (آئی این پی+آن لائن+ صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران سیاسی گناہگاروں کا ہجوم لیکر بے گناہوں پر حملہ کرنا چاہتے ہیں ‘ تحریک انصاف کی حماقتی سیاست کو بے گناہوں پر حملہ مہنگا پڑیگا‘ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران کی حماقت کا جواب حکمت عملی سے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سپیکر نے پی ٹی آئی کے ریفرنس پر وہی فیصلہ کیا جو سپریم کورٹ نے کیا۔ اگر ریفرنس میں جان ہوتی تو سپریم کورٹ اسے کیوں رد کرتی۔ الیکشن کمشن میں پی ٹی آئی کا وزیراعظم کے خلاف ریفرنس پہلے سے موجود ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین ایف بی آر پر عمران کے الزامات کو جھوٹے اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے ایماندار اور محنتی آفیسر کی عزت کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے بے بنیاد الزامات ایف بی آر کے ملازمین کی حوصلہ شکنی کر کے ادارے کی کارکردگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔ یہ بدقسمتی ہے کہ عمران خان نے بغیر کسی ثبوت کے ایک ایسے سرکاری آفیسر کی شہرت کو خراب کرنے کی کوشش کی جنہوں نے پاکستان میں محصولات جمع کرنے کے حوالے سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور موجودہ حکومت کے دور میں اس میں 60 فیصد اضافہ کیا۔