دنیا کا کوئی ملک کسی دوسرے ملک میں امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتا اور نہ ہی کوئی قانون اس کی اجازت دیتا ہے، ان خیالات کا اظہار لارڈ میئر کوونٹری (LINDSLEY HAR VARD) نے مسلم لیگ ن کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب سے کیا لارڈ میئر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان تعلقات ہمیشہ اچھے اور مثبت رہے، پاکستان کمیونٹی نے برطانوی سیاست میں حصہ لیا اور برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیا برٹش پاکستانی اپنے کردار سے اپنا مقام بنا رہے ہیں ان حالات میں اگر کوئی شخص پاکستان کے اندر کے حالات خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے یا پاکستان کے امن کو خراب کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے برطانیہ اس کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔ برطانیہ ہمیشہ امن کا خواہاں رہا اور امن کے قیام کے لئے سرگرداں رہا، انہوں نے کہا کہ آج اتنی بڑی تعداد میں کمیونٹی کودیکھ کر خوشی ہوئی جو اپنے ملک کا جشن آزادی منا رہے ہیں۔ زندہ قومیں اپنے ملک اپنے رسم و رواج کو پروان چڑھاتے ہیں،اسی طرح جوش و خروش کا مظاہرہ کرتی ہیں جو آج یہاں میں دیکھ رہا ہوں کوونٹری کونسل کے کابینہ کے ممبر کامران خان نے کہا کہ جشن آزادی کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کتنی مشکلات اورکٹھن مراحل سے گزر کر حضرت قائداعظم نے قوم کو پاکستان کا تحفہ دیا، یہ تحفہ اتنی آسانی سے نہیں ملا بلکہ قربانیاں دینا پڑیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں اور ترقی خوشحالی کے لئے جدوجہد کریں، دیوان قصوری کے سجادہ نشین پیر حضرت عرفان شاہ نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا جس کی حفاظت خدا رب ذوالجلال ہی کرے گا، کوئی شخص اپنی نازیبہ حرکات سے پاکستان کوتباہ نہیں کر سکتا لیکن اس کا محاسبہ قانونی طور پر کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ہال میں بیٹھے شرکاءسے کہا کہ وہ الطاف حسین نامی شخص کے عزائم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں تو ہاتھ کھڑا کریں جس پر ہال میں بیٹھے افراد نے کھڑے ہو کر الطاف حسین کے خلاف نعرے لگا کر اور حکومت برطانیہ و پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ الطاف حسین کو قرار واقعی سزا دیں، جس کی حرکات سے پاکستان اور پاکستان کے عوام دن بدن اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہیں شکیل ایڈووکیٹ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دن بدن ترقی کی راہ پر گامزن ہے، موجودہ حکومت نے پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے ایسے اقدامات کر لئے ہیں جس سے عام پاکستانی خوش ہے آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ آپس میں اتحاد قائم کریں اور حکومت کا ساتھ دیں، چودھری ظہیر یونس نے کہا کہ قائداعظم اور حضرت علامہ اقبال کا خواب پورا کرنے کیلئے مزید جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو مسائل کی آماجگاہ سے باہر نکالا جائے اس کے لئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کواپنے رسم و رواج سے آگاہ کیا جائے اور پاکستان کا نام اور مقام بلند کرنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت جدوجہد کریں راجہ مبارک کیانی، راجہ نصیر، راجہ ناصر نے کہا کہ پاکستان انتہائی قربانیوں سے حاصل کیا گیا اس کی ترقی اور خوشحالی کا کام اب عوام کو کرنا ہے حکومت اور پاک آرمی نے جس محنت مشقت سے کام کیا وہ قابل تحسین ہے ملک کو پرامن بنانے کیلئے مزید کام کرنا ہوں گے تقریب سے صحافی وقار ملک نے کہا کہ ایسی تقریبات کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ پاکستان کا نام اور مقام بلند ہو لیکن بچوں اور نوجوان نسل کو پروگرامز میں زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے پاکستان مسلم لیگ ن کوونٹری کے صدر راجہ علی اصغر نمبل نے کہا کہ اپنے ملک اپنے دیس سے پیار کی واضح مثال یہ ہے کہ مختصر سے وقت میں تقریب کا اعلان کیا اور آج ہمارا ہال کھچا کھچ بھر گیا دراصل یہی پاکستانیت ہے، پاکستان دنیا پر قائم رہنے کے لئے بنایا گیا ہے اس کی حفاظت اللہ کے بعد پاکستان کے غیور عوام کریں گے کوئی شخص پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین راجہ اشتیاق (برمنگھم) نے کہاکہ حضرت قائداعظم اور حضرت علامہ اقبال کے فرمودات کے مطابق ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا جا سکتا ہے ہم سب کو مل کر پاکستان کی تعمیر کرنا ہو گی انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف وہ اپنی آواز بلندکریں گے کیونکہ انہوں نے میرے دیس کے خلاف زبان درازی کی جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تقریب میں سفیان وجد نے تلاوت کلام پاک کی جبکہ امجد احسان نے نعت رسول مقبول سے شرکاءکو محظوظ کیا۔ تقریب میں قومی ترانہ اور ملی نغمے بھی لگائے گئے جس سے تقریب میں شریک افراد اور بچے جھومتے رہے۔