کرپشن طاعون، نیب اس کے خلاف پرعزم ہے: قمر زمان

Sep 08, 2016

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب میں فرانزک سائنس لیبارٹری کے قیام کا مقصد بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی کوششوں کو عصر حاضر کی ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے، ان خیالات کا انہوں نے ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب میں کیا۔ قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب نے ایک فرانزک لیبارٹری قام کی ہے جس کو فعال بنانے کا مقصد نیب کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہے تاکہ معاشرہ سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اس کی عصر حاضر کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے بلاامتیاز خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ اب تک کردار سازی کی 22 ہزار سے زائد انجمنیں قائم کی گئی ہیں جو کہ اہم کامیابی ہے، یہ حوصلہ افزاء بات ہے کہ نظم و نسق کے تناظر میں انسداد بدعنوانی کو پہلی بار ترقیاتی ایجنڈا کا حصہ بنایا گیا ہے، بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے مربوط اور مشترکہ کوششوں کے ساتھ ساتھ سہ جہتی پالیسی، آگہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں شفاف اور غیر متعصبانہ تحقیقات یقینی بنانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ بدعنوانی طاعون ہے جس کے ہمارے معاشرے پر بہت برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ نیب 16 سال سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے جنگ لڑ رہا ہے، بدعنوانی کا خاتمہ کسی ایک فرد یا ادارہ کی نہیں ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں