ایف آئی اے نے غیر ملکی باشندوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا اہلکار محمد کامران کو کراچی اور راؤ محمد وسیم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق محمد کامران کراچی کا رہائشی ہے جو دو ہزار تیرہ سے نادرا میں ملازمت کر رہا تھا جبکہ چوہڑ چوک راولپنڈی میں تعینات راؤ محمد وسیم دوہزار چار سے نادرا میں ملازم ہے۔ دونوں اہلکاروں کی نشاندہی ملک بھر میں جاری قومی شناختی کارڈز کی تصدیقی مہم کے دوران کی گئی تھی۔ ادھر وزیر داخلہ نے نادرا حکام کو جعلی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے والے اور ملکی سیکیورٹی کو داؤ پر لگانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔