روہنگیا مسلمانوں کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھانا جنگی جرم ہے،مفتی منیب الرحمن

Sep 08, 2017

کراچی (نیوز رپورٹر)مفتی منیب الرحمن اور صاحبزادہ اویس نورانی صدیقی نے اہلسنت کے ممتا ز علماء ومشائخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر میانمار کی حکومت اور فوج کے مظالم ناقابل ِتصور ہیں، یہ موجودہ دور کے بڑے انسانی المیوں میں سے ایک ہے، یہ سراسر دیدہ ودانستہ نسل کشی ہے، اس کی کوئی بھی تاویل یا توجیہ کسی بھی درجے میں قابل ِ قبول نہیں ۔سوشل میڈیا کے دور میں حقائق کو چھپانا تقریباً ناممکن ہوگیاہے ۔ میڈیا پر رپورٹ کیاگیا ہے کہ میانمار کی حکومت بنگلہ دیش سے واپس آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے راستے میں باوردی سرنگیں بچھارہی ہے ، مصیبت زدہ سویلین لوگوں کی راہ میں بارودی سرنگیں بچھانا واضح طور پر جنگی جرم ہے، لہٰذا میانمار کی حکومت اور فوج کے ذمہ داران پر جنگی جرائم کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔یہی وہ صورت ِ حال ہے جس کے تحت مظالم اور مایوسی کے شکار مصیبت زدہ لوگ شدت پسندی کی طرف آتے ہیں۔ آج دنیا شدت پسندی پرواویلا تو بہت مچاتی ہے ،لیکن اس کے اسباب کاازالہ کرنے کے لیے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔ یہ المیہ جتنا بڑا ہے ،عالمی برادری، اقوام متحدہ اور حقوق ِ انسانی کی عالمی تنظیموں کی لاتعلقی اس سے بھی بڑا المیہ ہے اور اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ امریکہ اور مغربی استعماری طاقتوں کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ واضح طور پر متعصبانہ اور جانبدارانہ ہے۔ مسلم ممالک اور اسلامی کانفرنس کی تنظیم کی بے حسی بھی ذہنی کرب کا باعث ہے ۔کہاجاتا ہے کہ روہنگیا مسلمان نسلی اعتبار سے بنگال سے تعلق رکھتے ہیں ،لیکن بنگلہ دیش کی حکومت کا ان کے ساتھ رویہ انتہائی ظالمانہ ہے۔دریں اثناء سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ مسلم ممالک برما کے مسلمانوں کے تحفظ اور ان کے حصول کیلئے ایک ہوکر آواز بلند کریں ،بھارتی وزیر اعظم مودی انتہا پسند دہشتگرد ہے جو بھارت سے40ہزار روہنگیائی مسلمانوں کو سرحد سے نکالنے کی سازش کررہا ہے تاکہ مسلمانوں کا زیادہ سے زیادہ قتل عام ہو ،عالمی برادری ،او آئی سی ،عرب لیگ اور اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد مودی کی سازش کو روکنے روہنگیائی مسلمانوں کے تحفظ اور برما میں مسلمانوںکا قتل عام روکنے کیلئے برما اور اقوام متحدہ پر دبائو بڑھائیں ، روہنگیا مسلمانوں پر ظلم، تشدد اور جبر کی انتہا ہو گئی ،برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کو نہیں روکا گیا تو پوری دنیا کے مسلمانوں کا سخت رد عمل سامنے آسکتا ہے ،برما ،بھارت اور کشمیر میںمسلمانوںکو نسلی و مذہبی تعصب کا سامنا ہے، اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کو شہریت کے حقوق دلوائے، اقوام متحدہ اپنا وفد برما بھیجے اور روہنگیا مسلمانوں کے دیرینہ مسئلہ کے حل کے لئے بین الاقوامی کمیشن تشکیل دیا جائے، انٹرنیشنل میڈیا کو میانمار میں داخلے کی اجازت دلوائی جائے تاکہ عالمی برادری صورت حال سے آگاہ ہو سکے۔
دینی جماعتیں

مزیدخبریں