شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر محمد عارف خان سندھیلہ سٹی ایم پی اے گزشہ روز لندن کے دورہ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ دورہ کے دوران انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کی جو ان دنوں کینسر کے مرض کی تشخیص کے بعد علاج کیلئے لندن کے ایک معروف ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ملاقات کے دوران عارف خان سندھیلہ نے انکی جلد صحت یابی کیلئے قوم کی طرف سے کی جانیوالی دعاﺅں کا ذکر کیا جس پر بیگم کلثوم نواز کا کہنا تھا وہ پُرامید ہیں ، انشاءاللہ روبصحت ہو کر جلد پاکستان لوٹوں گی اور نہ صرف میری صحت کیلئے دعائیں کرنےوالی عوام کا شکریہ ادا کروں گی بلکہ عملی سیاست کو مزید آگے بڑھاﺅں گی۔وطن واپس پہنچنے پر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا محترمہ کلثوم نواز ایسی پارٹی قائد ہیں جنہوں نے سنگین حالات میں بھی آمریت کا سامنا کیا اور مسلم لیگ (ن) کو ترویج دی اور اس راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ اور پریشانی کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔ انہوں نے کہا قوم کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے بیگم کلثوم نواز صحتمند ہو کر جلد وطن واپس لوٹ رہی ہیں اور انکی جلد آمد کی خبر سیاسی حریفوں پر بجلی بن کر گری ہے جو پراپیگنڈا کررہے تھے بیگم کلثوم نواز وطن واپس نہیں لوٹیں گی ۔ انہوں نے کہا این اے 120کے ضمنی انتخابات میں انشاءاللہ بیگم کلثوم نواز بھاری اکثریت جیتیں گی۔
عارف سندھیلہ
جلد واپس آکر عملی سیاست کو آگے بڑھاﺅں گی: بیگم کلثوم نواز
Sep 08, 2017