کراچی: نوجوان قتل‘ مقابلے میں 2اغوا کار ہلاک‘ 13ملزم گرفتار

Sep 08, 2017

کراچی(کرائم رپوٹر) کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا جب کہ سپر ہائی وے پر جنجال گوٹھ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ مانسہرہ کالو نی کے نزدیک اللہ داد گوٹھ میں فائرنگ سے مارے جانے والے نوجوان کی نعش جمعرات کی صبح ملی پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 22 سال تھی جس کی شناخت حسن ولد ندیم بیگ کے نام سے ہوئی مقتول حسن لانڈھی 37-E ایریا کا رہنے والا تھا اور اسے مبینہ طور پر بدھ کی شام اغوا کیا گیا تھا ۔پولیس نے اس کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ دریں اثنا ادھر سپر ہائی وے پر جنجال گوٹھ میں رکشہ اسٹینڈ پرجھگڑے سے دو افراد 30سالہ ثمروز اور 55سالہ ہاشم زخمی ہوگئے۔
دریں اثناءاسٹیل ٹاﺅن کے علاقے گلشن حدید کے حاجی سومارگوٹھ میں کراچی پولیس کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی کارروائی، مقابلے میں دو اغوا کار ہلاک اور دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا۔ تاجر سعود فیروز کو جو حال ہی میں لندن سے آیا تھا اور بہادر آباد میں اپنے ایک دوست کے پاس ٹھہرا ہوا تھا ۔ عیدالاضحی سے قبل23 اگست کو اس وقت ا غوا کیا گیا جب وہ قربانی کے جانوروں کے لئے چارہ لینے گیا تھا ۔اغوا کاروں نے سعود فیروز کی رہائی کے عوض15کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ رینجرز نے 11 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق مدینہ کالونی سے لیاری گینگ وار کے ایک کارندے عدنان عرف مشکی کو گرفتار کیا گیا جو بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوںمیں ملوث ہے جب کہ مدینہ کالونی کے علاوہ گلبرگ اور رضویہ میں چھاپے مار کر نو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جن میں محمد بلوچ، اکبر، احمد رضا، راحت، محمد جمیل، یاسر، ندیم، محمد ذاکر اور امان اللہ شامل ہیں۔ کراچی پولیس کے سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے مقابلے کے بعد ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم میں ملوث گروہ کے سرغنہ شاہ حسین کو گرفتار کر لیا۔
کراچی/ گرفتار

مزیدخبریں