بیڈن روڈ پر ریلی، 17 ستمبر کو ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا احتساب کریں گے:مریم نواز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نوازشریف نے انتخابی ریلی نکالی۔ دفاتر کے افتتاح کئے اور کارکنوں کے نعروں کا گاڑی سے نکل کر ہاتھ ہلا کر خیرمقدم کیا۔ ان مواقع پر مریم نواز پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ مال روڈ اور ٹیمپل روڈ پر لوگوں کے ٹھٹ کے ٹھٹ لگ گئے۔ بیڈن روڈ پر معروف آئس کریم کی دکان کے سامنے مریم نواز کی ریلی کا آغاز ہوا تاہم مسجد شہدا کے سامنے بھی شہریوں کی بڑی تعداد ان کے خیرمقدم کیلئے موجود تھی۔ قبل ازیں مریم نواز نے جاتی عمرا میں این اے 120 کے متحرک کارکنوں سے ملاقات اور ماڈل ٹاﺅن میں پارٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، آصف کرمانی، خواجہ احمد حسان، توصیف شاہ، میاں طارق، نذیر سوانی سمیت دیگر موجود تھے۔ بیگم تہمینہ دولتانہ نے حج سے واپسی پر ماڈل ٹاﺅن میں مریم نواز سے ملاقات کی۔ اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا این اے 120 کے عوام ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا 17 ستمبر کو احتسب کریں گے۔ این اے 120 ایسے لوگوں کے احساب کیلئے بے چین ہے۔ سیاسی مخالفین کی میں نہمانوں کی رٹ ملک کیلئے سودمند نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیادپر الیکشن لڑ رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر ورکن قومی اسمبلی کیپٹن(ر) صفدر نے اپنے اعزاز میں لیگی رہنما حامد محمود کے ناشتے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 17 ستمبر کا ضمنی الیکشن جے آئی ٹی کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا۔ نواز شریف کو فارغ نہیں کیا گیا بلکہ ووٹ کی عزت کو پامال کرکے ترقی کا راستہ روکا گیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین، شہباز حیدر، عرفان تاج، عثمان بٹ، ملک محمود، سردار نسیم، معظم پراچہ، میاں مظہرودیگر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن