عمران نیازی بدکردار‘ جھوٹے‘ مکار پارٹی سربراہ بننے کے قابل نہیں: عائشہ گلالئی

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روزچیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمشن نے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کی۔ جس میں عائشہ گلالئی نے وکیل کی خدمات لینے کیلئے کمشن سے وقت مانگ لیا۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے عائشہ گلالئی سے سوال کیا کہ کیا آپ کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا جس پر عائشہ گلالئی نے جواب دیا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا ہے، میں اداروں کا احترام کرتی ہوں۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ ہمیں مقررہ مدت میں ریفرنس کی سماعت مکمل کرنی ہے۔ الیکشن کمشن نے عائشہ گلالئی کوآئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 19 ستمبرتک ملتوی کردی۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ انہوں نے تحریک انصاف چھوڑی ہے نہ چھوڑیں گی۔ عمران نیازی کی جھوٹ کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ عمران نیازی بدکردار‘ جھوٹا اور مکار ہے پارٹی سربراہ بننے کے قابل نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی پارٹی ہے عمران کا تختہ الٹ چکا ہے۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی اور کارکن میرے ساتھ ہیں۔ کارکن 8 ستمبر کے جلسے میں نہ جائیں‘ 70سالہ بوڑھے کا نوجوانوں کا نعرہ اب نہیں چلے گا۔ ہسپتال کے نام پر پیسہ اور بیرون ملک کی فنڈنگ کھانے والوں کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ یہ جماعت عمران کی جاگیر نہیں‘ کوئی ایک شخص پارٹی نہیں بناتا کسی عمران نیازی کو یہ حق نہیں کہ وہ ہمیں پارٹی سے نکالے نہ ہی پارٹی کا منشور عمران نیازی نے بنایا ہے۔ عمران ڈینگی مچھر سے بھی ڈرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن