اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں تحریری جواب الیکشن کمشن میں جمع کرا دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ساتھ ہی بلال یاسین کو ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بلال یاسین جمعرات کو بھی کمشن میں پیش نہ ہوئے، تاہم انکے وکیل نے تحریری جواب جمع کرایا اور موقف اختیار کیا کہ ضابطہ اخلاق کہتا ہے کہ رکن اسمبلی متعلقہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا، بلال یاسین این اے 120 کے رہائشی ہیں، صوبائی وزیر ہونے کے ناطے لوگ ان کے گھر جاتے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ لاکھوں لوگوں کے گھر اس حلقے میں موجود ہیں ، گھر میں جانے سے نہیں روکا، انتخابی مہم چلانے پر نوٹس لیا گیا ہے ، بینچ میں موجود دوسرے رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریلی کی ویڈیوز میں بلال یاسین موجود ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت14ستمبر تک ملتوی کر دی ۔
این اے 120‘ بلال یٰسین انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں: الیکشن کمشن
Sep 08, 2017