ٹکٹ کا حصول، بینکوں کے باہر لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں، دھکم پیل ،کھینچا تانی

Sep 08, 2017

لاہور(نمائندہ سپورٹس) ورلڈ الیون اور قومی ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے باعث کرکٹ کا جنون قابو سے باہر ہوگیا،ٹکٹوں کے حصول کےلئے شائقین کرکٹ کا ہجوم بینکوں کے باہر امڈ آیا جس کے باعث لمبی لمبی قطاریں لگ گئی، ٹکٹیں دستیاب نہ ہونے اور زیادہ رش کے باعث شدید بد نظمی دیکھی جارہی ہے جبکہ 500والی ٹکٹیں نہ ملنے پر شائقین کرکٹ کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پی سی بی کی طرف سے آزادی کپ کے لیے پنجاب بینک کی مخصوص شاخوں سے ٹکٹوں کی فروخت شروع کی گئی ہے جنہیں خریدنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد بینکوں کے باہر جمع ہو گئی ۔گزشتہ روز لاہور کے علاوہ دوسرے اضلاع سے بھی شائقین کرکٹ صبح سویرے ٹکٹوں کے حصول کےلئے بینکوں کے باہر پہنچ گئے تاہم انہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑا اور متعدد مایوسی کے عالم میں واپس لوٹ گئے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ 500مالیت کی ٹکٹ خریدنے والوں کا رش رہا اور ٹکٹیں نہ ملنے پر بورڈ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ بینک کو 2500، 4 ہزار، 6 ہزار اور 8 ہزار والے ٹکٹ ملے ہیں اور کل 17 ہزار ٹکٹس موصول ہوئے ہیں تاہم زیادہ مانگ 500اور2500مالیت کے ٹکٹوں کی ہے ۔

مزیدخبریں