کراچی(اسپورٹس رپورٹر)بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے آخری میچ میں میزبان انگلینڈ نے اوپنر کک کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پہلے دن کھیل کے اختتام تک7وکٹوں کے نقصان پر198رنز اسکور کئے۔ اوول لندن میں جاری میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔اوپنر کک اورجینگز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں60 رنز جوڑے‘ جینگز23 رنز بناکر جڈیجا کی گیند پر راہول کے ہاتھوں کیچ ہوئے اس کے بعد کک اورمعین علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں73 رنز بناکر ٹیم کا اسکور133 تک پہنچادیا۔ اس موقع پر کک71رنز بناکر بھمبرا کی گیندپر بولڈ ہوا۔ اس کے فورً بعد کپتان روٹ صرف تین گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد اپنا کھاتہ کھولے بغیر آئوٹ ہوئے۔روٹ کوبھمبھرا نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ جبکہ برسٹو بھی اپنا کھاتہ کھول نہ سکا۔ اس کو شرما کی گیند پر وکٹ کیپر بینٹ نے کیچ کیا۔معین علی نے اپنی سنچری 4 چوکوں کی مدد سے مکمل کی ۔ وہ 50 رنز بناکر شرما کی گیند پر وکٹ کیپر کا شکار ہوئے ۔اسٹوک نے 11 رنز بنائے پہلے دن کا کھیل جب ختم ہواتوتوبٹلر 11 اورعادل رشید 4رنزکے ساتھ کریز پر موجود تھے۔شرما نے 3 بھمبھرا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔5 میچوں پر ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ انگلینڈ کے حق میں ہوچکا ہے بھارت فتح حاصل کرکے سیریزمیں اپنے خسارے کوکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
اوول ٹیسٹ‘ کک اورمعین علی کی نصف سنچریاں
Sep 08, 2018