کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا چین میں تیار ہونے والا پانچواں جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر ایک پروقار تقریب میں مورخہ 7 ستمبر 2018 کو باقاعدہ طور پر بیڑے میں شامل کردیا گیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں ممتاز فوجی، وفاقی سیکرٹریز اور صوبائی شخصیات نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل زکا الرحمان ستارہ امتیاز ملٹری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ درکار میری ٹائم چیلنجز سے بروقت نمٹنے، قانونی اور قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے یہ پروگرام تجویز کیا گیا تھا جو باقاعدہ طور پر وفاقی گورنمنٹ نے منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی میں مزید نئے جہاز کی شمولیت معتبر سمندری اور سی پیک (CPEC) کی حفاظتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے منفرد اہمیت کا حامل ہے۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جہاز کا نام پی ایم ایس ایس کشمیر رکھنے کا مقصد پاکستان کے حامل حصے کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کو پی ایم ایس ایس کشمیر کی بیڑے میں تاریخی اور شاندار شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔مہمان خصوصی نے جہاز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں پر جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے جہاز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آگاہ کیا۔ مہمان خصوصی نے جہاز پر نصب ساز وسامان کے معیار کو سراہتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔
چین میں تیار 5وان جہاز pmss کشمیر بحری بیڑے میں شامل
Sep 08, 2018