اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان تحریک انصاف نے دھرنے کے دوران پارٹی قائدین کے خلاف کارکنوں کو اکسانے کے مقدمہ میں صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود اور وزیر خزانہ اسد عمر کی بریت کی درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2014ء کے دھرنے میں نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں کی بریت کی درخواست 11 ستمبر کو دائر کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم کو بریت کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے مطابق 2014 کے دھرنے کے مقدمات سیاسی بنیادوں پر دائر کئے گئے، پارلیمنٹ، سرکاری ٹی وی حملہ کیسز میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تمام ملزمان کو 11 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے۔