حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے طویل عمر پائی۔ حضرت امیر معاویہؓ کے زمانے میں اسلامی لشکر قسطنطنیہ کی مہم پر روانہ ہوا تو آپ نہایت جوش و جذبے سے اس میں شامل ہوئے۔ کسی نے کہا کہ آپ بہت بوڑھے ہیں‘ کہیں کوئی مسئلہ نہ بن جائے۔ فرمایا مجھے تو زندگی بھر اس دن کا انتظار رہا کیونکہ اللہ کے نبیؐ نے قسطنطنیہ کے لشکر کے حوالے سے بہت سی بشارتیں دے رکھی ہیں۔ کرنا خدا کا کہ دوران جنگ سخت بیمار ہو گئے اور بچنے کی کوئی امید نہ رہی۔ امیر لشکر نے پوچھا کہ آپ کی کوئی خواہش۔ فرمایا۔ مر گیا تو مجھے قسطنطنیہ کی فصیل کے قریب دفن کر دینا اور پھر ایسا ہی ہوا۔ آپ کا مزار شہر کے دیوار ے عین ساتھ ہے اور مرجعٔ خلائق ہے۔