لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے ایشیاء کپ کیلئے نوجوان بیٹسمین فخر زمان کو پاکستانی ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ یو اے ای میں ہونے والے ایونٹ میں اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔ اس وقت قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن متوازن ہے اور گزشتہ کچھ میچز سے تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کر رہی ہے لیکن اس میں فخر زمان کی شاندار کارکردگی کا بھی اہم کردار ہے جن کو ایشیاء کپ میں بھی اپنی بھرپور فارم کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ جس غیر معمولی اندازسے وہ بیٹنگ کر رہے ہیں وہ بہت بڑا فرق بن کر سامنے آئی ہے۔ فخر زمان اوپنر کے طور پر پاکستان کو اچھا سٹینڈ فراہم کرسکتے ہیں اور پورے ایشیا کپ میں انہیں پاکستان کے اہم ترین ہتھیار کی حیثیت سے دیکھا جائے گا۔ پیسر جنید خان کی واپسی سے باولنگ لائن بھی مضبوط ہو جائیگی اورامید ہے کہ وہ محمد عامر او فہیم اشرف کیساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ لیگ سپنر شاداب خان باولنگ لائن اپ کی مضبوطی کیلئے ایک انتہائی اہم باولر ہیں جن کے ساتھ قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور آل راونڈر شعیب ملک کو بھی اپنا تجربہ بروئے کار لانا ہوگا جو ہمیشہ کی طرح مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی ثابت ہونگے۔ قومی کرکٹ ٹیم متوازن ہے اور ایشیا کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔
فخر زمان ایشیاکپ میں پاکستان کاٹرمپ کارڈ ہونگے :راشد لطیف
Sep 08, 2018