لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی ایف ایف قومی انڈر 15 بوائیز فٹبال چمپئن شپ کا رنگا رنگ تقریب میں افتتاح ہوا، افتتاحی روز فاٹا اور پنجاب کے درمیان میچ 1-1سے برابر رہا، فاٹا کی جانب سے ساتویں منٹ میں شاہین خان نے گول کیا، پنجاب کے محمد شعیب نے 64ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شکست سے بچالیا۔ مہمان خصوصی صدر پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن و نائب صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن سردار نوید حیدر خان تھے ۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں سجاد محمود ڈائریکٹر کمپی ٹیشن پی ایف ایف، میجر (ر) جہانگیر خان لودھی ڈائریکٹر ایڈمن پی ایف ایف، فہد خان ڈپٹی جنرل سیکریٹری پی ایف ایف، چوہدری رشید ٹیکنیکل ڈائریکٹر چمپئن شب، ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ و میڈیا پی ایف ایف بھی موجود تھے۔سردار نوید حیدر خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے مستقبل کیلئے نیاٹیلنٹ حاصل ہوگا،کھلاڑیوں کی فٹنس اور مہارت بہتر بنانے کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔