لاہور (خبر نگار)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کے لئے لوکل گورنمنٹ کا نیا نظام لایا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت میئر، ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ضلعی ناظم کا انتخاب براہِ راست ہوگا جبکہ تمام بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوں گے۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب راجہ بشارت ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب عارف انور بلوچ اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب عارف انور بلوچ نے نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم میں یونین کونسل کے چیئرمین کو مالیاتی و انتظامی اختیارات دیئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ بڑے ڈوویژنز لاہور، گوجرانوالہ ، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کو دو یونٹوں شہری و دیہی حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ شہری علاقوں میں ضلعی ناظم جبکہ دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ چیئر مین کا انتخاب کیا جائے گا۔
نیا لوکل گورنمنٹ نظام لایا جا رہا، انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونگے: چودھری سرور
Sep 08, 2018